آج کے اعلان سے واضح ہوا پی ڈی ایم بلے کا نشان لینے کی سازش کا حصہ تھی، بیرسٹر گوہر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ حکومتی وزیر کا آج کا اعلان سپریم کورٹ کے فیصلے کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس سے واضح ہوا کہ پی ڈی ایم بلے کا نشان لینے کی سازش کا حصہ تھی۔
اسلام آباد میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ’آج حکومت کی طرف سے ایک اعلان ہوا، ہم اس اعلان کی ہر بات کو سنجیدہ لیتے ہیں، آئین و قانون کے ساتھ بہت مذاق ہوچکا ہے، اعلان میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی کوشش کی جائے گی، یہ اعلان سپریم کورٹ کے فیصلے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سپریم کورٹ نے واضح کہا کہ مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کا حق ہیں، اعلان سے واضح ہوا کہ پی ڈی ایم بلے کا نشان لینے کی سازش کا حصہ تھی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’حکومت مہنگائی سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسے اعلانات کر رہی ہے، پی ٹی آئی نے سب سے زیادہ ووٹ لیا اس بات کا اعتراف سپریم کورٹ نے بھی کیا۔‘
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ’اس وقت الیکشن کمیشن میں ایک ہی فارن فنڈنگ کیس ہے، الیکشن کمیشن میں (ن) لیگ کا فارن فنڈنگ کیس زیر التوا ہے، کمیشن نے مسلم لیگ (ن) سے 5 اکاؤنٹس کے ثبوت مانگے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سائفر کے کیس کا انجام یہ دیکھ چکے اس میں جان نہیں تھی، آئین کے ہوتے ہوئے غیر آئینی حرکات کرنے والوں کے خلاف آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔‘
تین روز سے مری میں کھچڑی پک رہی تھی، آج ترجمان نے نیت بتا دی، عمر ایوب
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ ’تین دن سے مری میں (ن) لیگ کی قیادت کے درمیان یہ کھچڑی پک رہی تھی، ترجمان نے آج نیت بتا دی، عطا تارڑ کی پریس کانفرنس ان کے دل کی آواز ہوسکتی ہے، اصل میں قومی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے پریس کانفرنس کی گئی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ریکارڈ توڑ مہنگائی نظروں سے اوجھل ہے اور پابندی کی بات کر رہے ہیں، سپریم کورٹ پی ٹی آئی کو سیاسی پارٹی قرار دے چکی ہے، (ن) لیگ سپریم کورٹ پر دھاوا بولنا چاہتی ہے، جبکہ یہ فارم 47 کی بنیاد پر کھڑی اقلیتی حکومت ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سمیت اتحادی بھی حکومت سے ناخوش ہیں، حکومتی اتحادیوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غیر جمہوری اقدامات کی حمایت نہ کریں، سیاسی جماعتیں بتائیں کیا وہ جمہوریت کے ساتھ ہیں یا سول مارشل لا کے۔’
عمر ایوب نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف حکومت پنجاب احتجاج کروا رہی ہے، پی ٹی آئی پر پابندی حکومت کی خواہش ہو سکتی ہے لیکن 3 کروڑ عوام نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیے ہیں۔’
رہنما شبلی فراز نے پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’کٹھ پتلی حکومت کی پریس کانفرنس چھوٹا منہ بڑی بات ہے، آج کی پریس کانفرنس ایک پولیٹیکل سرینڈر تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کرپشن اور ملک دشمنی (ن) لیگ کا ریکارڈ ہے، (ن) لیگ ہمیشہ فکسڈ میچ کھیلتی ہے۔‘