کاروبار

فلور ملز ایسوسی ایشن کی ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ملک گیر ہڑتال، آٹے کی قلت کا خدشہ

فلور ملز ایسوسی ایشن کی ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ملک گیر ہڑتال دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئی، آج سے آٹے کی پیکنگ اور ترسیل مکمل طور پر بند کر دی جائے گی، جس کے باعث ملک بھر میں آٹے کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جب کہ حکومت نے فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطالبات ماننے سے صاف انکار کردیا۔

چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے کہا ہے کہ ملک بھر کی فلور ملز سے آج سے آٹے کی سپلائی مارکیٹ میں نہیں ہوگی، حکومت کے آٹے پر ٹیکس کے نفاذ سے تھیلے کی قیمت میں 200 روپے تک اضافہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ غریب آدمی کے لئے آٹے کی قیمت میں 10 روپے فی کلو تک اضافہ نا قابل برداشت ہو گا، حکومت فوری طور پر ود ہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ واپس لے۔

آٹے پر ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف فلور ملز کی ہڑتال دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے جس میں آج سے گندم اور آٹے کی سپلائی بند کردی گئی ہے اور آٹے کی سپلائی مارکیٹ میں نہیں ہوگی۔

دوسری جانب، حکومت نے فلورملز کے مطالبات ماننے سے انکارکردیا ہے، جس کے بعد فلور ملز مالکان نے ہڑتال کا فیصلہ کیا اور ہڑتال سے ملک بھر میں آٹے کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، فلار ملز مالکان کا موقف ہے کہ ود ہولڈنگ ٹیکس سے آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوجائے گا۔

6 جولائی کو لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے کہا تھا کہ ساڑھے 5 فیصد ٹیکس عوام پر لگے گا لیکن ملز کے کھاتے میں آئے گا، ٹیکسز کا نفاذ رہا تو ہم ملز نہیں چلا سکیں گے، جب کہ ایف بی آر کے ودہولڈنگ ٹیکس کلیکشن ایجنٹ نہیں بنیں گے، ٹیکس جمع کرنا حکومت کا کام ہے ہمارا نہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ اگر ہمارا مطالبہ نہ مانا گیا تو بدھ کو ہڑتال کی جائے گی، 10 جولائی کو واشنگ روکی جائے گی اور جمعرات کو آٹے کی سپلائی بند کر دی جائے گی۔

عوام کی مشکلات میں اضافہ نہیں کرنا چاہتے، نانبائی ایسویس ایشن

نانبائی ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے وزیرخوراک پنجاب بلال یاسین سے ملاقات کے دوران فیصلہ کیا کہ نانبائی ایسوسی ایشن کی ماہ محرم میں روٹی و نان کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کی کال اور روٹی کے مقرر کردہ نرخوں پر تفصیلی گفتگو کے دوران نانبائی ایسوسی ایشن نے کہا کہ مقدس مہینے میں عوام کو کسی مشکل سے گزارنے کے حق میں نہیں ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ فلور ملز ایسوسی ایشن سے بھی محرم کے احترام میں ہڑتال موخر کرنے پر خود بات کی ہے اور عوام کو سستے داموں روٹی کی فراہمی میں ایسیوسی ایشن کا کردار مثبت ہے، ہمارے فرائض کی ادائیگی حقوق العباد سے منسلک ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر کی فلور ملز نے ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف کل سے غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کررکھی ہے، کل سے ملک بھر کی 1500 سے زائد فلور ملز میں گندم کی دھلائی بند کردی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button