سپورٹس

چلڈرن ایشین گیمز کے ریسلنگ ایونٹ میں پاکستان نے گولڈ میڈل جیت لیا

چلڈرن ایشین گیمز کے ریسلنگ ایونٹ میں پاکستان نے گولڈ میڈل جیت لیا۔ پاکستان کے حسن علی بھولا نے کرغزستان کے ریسلر کے خلاف دو کے مقابلےمیں آٹھ پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔

روس کے شہر یاکوتسک میں جاری مقابلوں میں پاکستان کے واحد ریسلر حسن علی بھولا شریک ہیں، ان کے ساتھ کوچ غلام فرید پاکستان کی نمائندگی کررہےہیں۔

حسن علی بھولا نے آذربائی جان، تاجکستان اور منگولیا کے ریسلرز کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے صدر عبدالمبین، سینئر نائب صدر اورصدر پنجاب ریسلنگ ایسوسی ایشن ارشد ستار نے حسن علی بھولا اور کوچ غلام فرید کو مبارکباد دیتےہوئے کہا ہے کہ ریسلنگ کےمیدان میں ہمشیہ پاکستان کا پرچم بلند ہواہے، اب خوشی کی بات ہے کہ ہمارے نئے ریسلرز بھی سینئرز کی روایت کو آگے بڑھا رہےہیں۔

حسن علی میں بہت ٹیلنٹ ہے اور اس جیت سے اس کےمورال میں بھی اضافہ ہوگا۔ارشد ستار نے وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر کی طرف سے ریسلنگ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ حکومتی حوصلہ افزائی سے ریسلنگ کو مزید فروغ ملے گا۔

چلڈرن ایشین گیمز میں پاکستان چار کھیلوں اتھلیٹکس، تائیکواونڈو، جوڈو اور ریسلنگ میں شریک ہے۔

جواب دیں

Back to top button