عدت نکاح کیس کی سماعت: کوئی فریق نہ بھی آیا تو ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ کر دوں گا‘جج افضل مجوکا کے ریمارکس
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے دوران عدت نکاح کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت 25 جون تک ملتوی کردی گئی ہے جس میں جج افضل مجوکا نے ریمارکس میں کہا ہے کہ انھیں ہر صورت 27 جون سے پہلے سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ کرنا ہے۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے کی۔
عمران خان کے وکیل عثمان ریاض گل ایڈووکیٹ اور خاور مانیکا کے وکیل زاہد آصف چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔
خاور مانیکا کے وکیل نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ سماعت پر وکالت نامہ بھی جمع کروا دیں گے۔
جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیے کہ اس کیس کی سماعت ملتوی نہیں ہوسکتی، 25 جون کو مرکزی اپیلوں پر سماعت ہے اور اس دن لازمی دلائل مکمل کرنے ہیں، آپ موکل سے رابطہ کرلیں اور پاور آف اٹارنی واٹس ایپ کے ذریعے منگوا لیں۔
بعد ازاں جج افضل مجوکا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل سے استفسار کیا کہ دو سوالوں کے جواب دے دیں، اس کیس میں سزا مختصر نہیں ہے ، اس لیے مختصر دورانیے کی سزا سے متعلق عدالت کی معاونت کریںم سپریم کورٹ کی دو ججمنٹس ہیں ان میں سے ایک آپ کے حق میں ہے اور ایک آپ کے خلاف تو آپ کس ججمنٹ کو فالو کریں گے۔
اس پرعمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ہماری مخالفت میں کوئی بھی ججمنٹ موجود نہیں ہے۔
جج افضل مجوکا کا کہنا تھا کہ آپ کے خلاف ایک ججمنٹ موجود ہے ۔
بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ انھیں میں نے اڈیالہ جیل جانا ہے۔
وکیل سلمان اکرم راجا نے اپنے دلائل جاری کرتے ہوئے بتایا کہ شریعت کورٹ کے دائرہ اختیار میں دیا گیا فیصلہ فائنل اتھارٹی ہے۔ عدت کے 39 دن گزر گئے تو اس کے بعد میں ہم نہیں جھانکیں گے۔ عدالت نے اس بنیاد پر مقدمہ خارج کردیا تھا کہ عدت کے 39 دن گزر گئے۔
وکیل عمران خان کے مطابق عون چوہدری شکایات کے کرتا دھرتا ہیں، عون چوہدری کو بدلے میں استحکام نامی پارٹی کے ٹکٹ سے نوازا گیا۔
جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیے کہ 27 جون سے پہلے سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ کرنا ہے۔ کوئی فریق اگر نہ بھی آیا تو ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ کر دوں گا۔ ابھی 25 جون کے لیے کیس رکھ رہا ہوں۔
عدالت نے سزا معطلی کی اپیل پر سماعت 25 جون تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ 14 جون کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت دوران عدت نکاح کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے سزا معطلی اور جلد سماعت کی اپیلوں پر سماعت 21 جون تک ملتوی کردی گئی تھی۔
اس دوران جج افضل مجوکا نے ریمارکس میں کہا تھا کہ اگر میں زندہ رہا تو 10 دن میں فیصلہ کروں گا۔