پی ٹی آئی کا حکومتِ آزادکشمیر سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ
پی ٹی آئی نے بگڑتی ہوئی موجودہ صورتحال پر حکومت آزادکشمیر سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق شہریوں کے قتل کی تحقیقات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے آزادکشمیر میں تیزی سے بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش ہے، عوامی احتجاج کے حقیقی محرکات کا سنجیدہ تجزیہ کرکےجائز مطالبات کو تسلیم کیاجائے۔
ترجمان نے کہا کہ عوام پُرامن احتجاج کے جمہوری حق کو اپنی طاقت بنائیں عوامی مینڈیٹ اور قانون کی حکمرانی کو ملکی نظام کی بنیاد بنایا جائے۔
مظفرآباد میں آزادکشمیر آنے والے راستے پر رینجرز اور مظاہرین میں تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
مظاہرین کو روکنے کے لیے پولیس اور فورسز نے آنسو گیس کی شیلنگ کی، لاٹھی چارج کیا جب کہ مظاہرین نے پتھراؤ کیا۔ شوڑاں کے مقام پر مظاہرین نےگاڑیاں جلادیں۔
عوامی ایکشن کمیٹی لانگ مارچ کےقافلےاسمبلی کےسامنےپہنچ گئے ہیں اور شرکا نے امبور کے مقام پر دھرنا دے دیا ہے۔
حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے انتظامیہ نے انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے جب کہ موبائل فون سروس بھی متاثر ہے۔