Uncategorized

بنگلہ دیش کو ایک اننگز 8 رنز سے شکست ، پاکستان سیریز جیتنے میں کامیاب

پاکستان نے ڈھاکہ ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 8 رنز سے شکست دیکر سیریز اپنےنام کر لی ۔
دوسر ٹیسٹ میچ میں پاکستان نےٹاس جیت کر چار وکٹوں کے نقصان پر 300رنز بنائے اور اننگز ڈکلیئر کر دی ، میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 87 اور دوسری میں 205 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ ساجد خان کی تباہ کن باؤلنگ نے بنگلہ دیش کی ٹیم کو پہلی اننگز میں جم کر کھیلنے نہ دیا اور 8 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دوسری اننگز میں بھی بھرپور باؤلنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔
پاکستان کے 300رنز کے بعد اننگز ڈکلیئر کرنے کےبعد بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں صرف 87 رنز بنائے ، بنگلہ دیش نے فالو آن کا شکار ہو کر دوسری اننگز شروع کی تو بھی بنگالی کھلاڑی ٹک نہ پائے ، بنگلہ دیش کی ابتدائی 4 وکٹیں صرف 25 سکور پر گر گئی تھیں ۔ حسن علی نے چوتھے اوور کی دوسری گیند پر محمد الحسن کو کلین بولڈ کر دیا ، محمد الحسن صرف 6 سکور کر کے بولڈ ہوئے ۔ اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر شاہین شاہ آفریدی نےشادمان اسلام کو ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین لوٹا دیا ۔شادمان نے دو سکور بنائے ۔کپتان مومن الحق بھی 7 سکور بنا کر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ نجم الحسن کی مزاحمت بھی 6 سکور پر دم توڑ گئی وہ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر فواد عالم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔
بنگلہ دیش کے مشفیق الرحیم اور لٹن داس نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 73 رنز بنائے اور پتوں کی طرح گرتی وکٹوں کو مضبوط سہارا فراہم کیا ۔ 73رنز کی پارٹنر شپ کے بعد 98 کے مجموعی سکو ر پر لٹن داس ساجد خان کی گیند پر فواد عالم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، لٹن داس نے 45 سکور بنائے ۔لٹن داس کے بعد مشفیق الرحیم نےشکیب الحسن کیساتھ 49 رنز کی شراکت داری قائم کی اور سکور کو 147 تک پہنچایا جہاں مشفیق الرحیم 48 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے ۔
مہدی حسن اور شکیب الحسن نے میچ کو ڈرا کی جانب لے جانا چاہا اور انتہائی سست بلے بازی کر کے وکٹ روکے رکھی ، دونوں کھلاڑیوں نے 51 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی جہاں 198کے مجموعی سکور پر مہدی حسن 70گیندوں پر 14رنز بنا کر بابر اعظم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ دو سکور کےبعد شکیب الحسن بھی ساجد خان کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ۔ نویں اور دسویں وکٹ بھی ساجد خان کے حصے میں آئیں ، ساجد نے پہلے خالد احمد اور پھر تیج الاسلام کا شکار کیا ۔
پاکستان نے ڈھاکہ ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور پہلے دن کے اختتام پر دو وکٹوں کے نقصان پر 161رنز بنائے تھے ۔پاکستان کی جانب سے عابد علی اور عبداللہ شفیق نے اوپننگ کی اور ٹیم کو 59 رنز کا آغاز فراہم کیا جہاں عبداللہ شفیق 25 رنز بنا کر تیج الاسلام کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ، کچھ ہی دیر بعد عابد علی بھی 39 رنز بناکر تیج السلام کی گیند پر بولڈ ہو کر چلتے بنے۔دونوں اوپنرز کے بعد کپتان بابر اعظم اور اظہر علی نے محتاط انداز میں بلے بازی شروع کی جہاں بارش کی آمد ہوئی اور کھیل روکنا پڑا ۔ بارش کے بعد صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے امپائرز نے خراب روشنی کے بعد پہلے دن کا کھیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔
دوسرے دن بھی بارش کی آمد کےباعث کھیل متاثر رہا اور سارے دن میں صرف 6 اوورز ہی پھینکے گئے ۔ دوسرےدن کے اختتام پر پاکستان کا سکور دو وکٹوں کے نقصان پر 182 تھا ۔ ڈھاکہ ٹیسٹ کے تیسرے روز دونوں ٹیموں کے کھلاڑی بارش کی اننگز دیکھتے رہے ، بارش نے دن بھر گراؤنڈ پر قبضہ جمائے رکھا اور تیسرا روز بغیر کھیل کے ہی ختم ہو گیا۔
چوتھے روز کے آغاز میں ہی اظہر علی عبادت حسین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے انہوں نے 56 سکور کئے ،کچھ ہی دیر بعد کپتان بابر اعظم بھی خالد احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ بابر اعظم نے 76 رنز کی اننگز کھیلی ۔فواد عالم اور محمد رضوان نے ناقابل شکست ففٹیز سکور ہیں ، فواد نے 50 اور محمد رضوان نے 53 سکور کئے ۔ پاکستان کا سکور 300 پر پہنچتے ہی قومی ٹیم نے اننگز ڈکلیئر کر دی ۔
پاکستان کے 300 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگز میں میدان میں اتری تو ڈیبیو کرنےوالے ساجد خان کی تباہ کن باؤلنگ نے کسی بلے باز کو ٹکنے نہ دیا ، تمام بنگالی کھلاڑی ساجد خان کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ۔ صرف ایک کے مجموعی سکور پر اوپنر محمد الحسن ساجد خان کی گیند پر کپتان بابر اعظم کو کیچ تھما بیٹھے ، 20 کے مجموعی سکو رپر ساتھی اوپنر شادمان اسلام بھی ساجد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے ۔ 22 کے مجموعی سکو رپر کپتان مومن الحق صرف ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے ،مشفیق الرحیم نے پانچ سکور بنائے ، وہ بھی ساجد خان کا شکار بنے ۔وکٹ کیپر لٹن داس ساجد خان کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ نجم الحسن ساجد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو جبکہ مہدی حسن کلین بولڈ ہوئے ۔ چوتھے دن کے اختتام پر بنگلہ دیش کے 7 وکٹوں کے نقصان پر 76 رنز تھے ۔
پانچویں دن کی ابتداء میں ہی تیج الاسلام ساجد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ نویں وکٹ شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کی ، انہوں نےخالد احمد کو کلین بولڈ کیا ۔ شکیب الحسن بنگلہ دیش کے پہلی اننگز میں آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے ، وہ بھی ساجد خان کا شکار ہوئے ، ان کا کیچ اظہر علی نے تھاما اور یوں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 87 رنز پر آؤٹ ہو گئی ۔
ساجد خان نے پہلی اننگز میں 8 اور دوسری میں 4 وکٹیں حاصل کیں ۔ شاہین شاہ آفریدی نے پہلی اننگز میں ایک ، دوسری میں دو ، حسن علی نےدوسری میں دو جبکہ کپتان بابر اعظم نے ایک وکٹ حاصل کی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button