پاکستان
کراچی سینٹرل جیل کے رہائشی کوارٹر میں دھماکا، پولیس اہلکار، اہلیہ اور 6 بچے زخمی

کراچی کی سینٹرل جیل کے رہائشی کوارٹر میں گیس لیکیج کے نتیجے میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل، اس کی اہلیہ اور 6 بچے جھلس کر زخمی ہو گئے۔
کراچی کی سینٹرل جیل کے رہائشی کوارٹر میں یہ واقعہ اتوار کی صبح پیش آیا جب گیس لیکیج کے نتیجے میں دھماکا ہوا اور آگ لگ گئی۔
آتشزدگی کے نتیجے میں گھر میں موجود ہیڈ کانسٹیبل طارق، اہلیہ اور 6 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے جائے حادثہ پہنچ گئے۔ فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پایا جب کہ ریسکیو اداروں نے زخمیوں کو سول اسپتال کے برنس وارڈ میں منتقل کیا۔
پولیس کے مطابق زخمیوں کو سول اسپتال برنس سینٹر میں طبی امداد دی جا رہی ہے جب کہ پولیس اہلکار، اہلیہ اور دو بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔