ملک بھر کے 130 پائلٹس گراؤنڈ ہونے کا انکشاف
ملک بھر کے 130 پائلٹس گراؤنڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایئر کرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا کہ 130 سے زائد پاکستانی پائلٹس کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے کیونکہ ان کے لائسنس پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے پاس ہیں۔
ایئرکرافٹس اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا کہ غیر ملکی پائلٹس کو ترجیح دیتے ہوئے 130 فلائٹ کریو (پائلٹ) کے لائسنس سی اے اے نے روک رکھے ہیں۔
ایئرکرافٹس اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن نے سول ایوی ایشن ایکٹ 2023 کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ایکٹ میں ڈائریکٹر سے لائسنس دستخط کے اختیارات لے کر ڈی جی سی کو دیے گئے ہیں جو کہ غلط اقدام ہے۔
ایئرکرافٹس اونرز نے کہا کہ 130 پائلٹس کے لائسنس جاری نہ ہونے سے انکی فلائنگ بھی رک گئی ہے اس وجہ سے نہ صرف سینکڑوں پاکستانی پائلٹس کو سائیڈ لائن کیا گیا بلکہ اس کے نتیجے میں کافی مالیاتی اثرات بھی مرتب ہوئے ہیں۔
آپریٹرز ایسوسی ایشن نے مقامی ایئر لائنز کی خدمات حاصل کرنے کے طریقوں پر بھی تنقید کی اور کہا ڈی جی سول ایوی ایشن کے عہدے پر نان پروفیشنل شخص کو فوری ہٹایا جائے۔
ایسوسی ایشن نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ غیر ملکی پائلٹ مبینہ طور پر مناسب ورک ویزے کے بغیر کام کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا ’ہم ایف آئی اے سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غیر ملکی پائلٹوں کو بغیر ویزا پرواز کرنے کی اجازت کی تحقیقات کرے‘۔