پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان جاری، انڈیکس میں 1147 پوائنٹس کی کمی
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعے کے روز بھی مندی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا اور کاروباری دن کے اختتام پر 100 انڈیکس میں 1147 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
مارکیٹ میں مندی کی وجہ سے سٹاک مارکیٹ انڈیکس 60 ہزار پوائنٹس کی سطح سے نیچے آ گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں انتخابات کے بعد سے مندی کا رجحان غالب ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ حکومت سازی کے لیے جوڑ توڑ میں مشکلات اور مستقبل کی حکومت کے لیے مشکلات کے خدشات ہیں۔
سٹاک مارکیٹ تجزیہ کار جبران سرفراز نے بی بی سی کو بتایا کہ سٹاک مارکیٹ میں جمعے کو مندی کی وجہ سے سپریم کورٹ میں آٹھ فروری کے انتخابات کو کالعدم قرار دینے کی درخواست ہے جسے عدالت کی جانب کی جانب سے سماعت کے لیے 19 فروری کو مقرر کر دیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ اس کے علاوہ سیاسی عدم استحکام بھی صورتحال کو گھمبیر بنا رہا ہے۔
انھوں نے کہا مارکیٹ اس خبر کے آنے کے بعد دباو کا شکار ہوئی اور اس میں فروخت کا رجحان غالب آ گیا۔ انھوں نے سپریم کورٹ میں درخواست کی سماعت مقرر کرنے سے عدم استحکام کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں جس نے کاروبار پر منفی اثرات مرتب کیے۔