مصنوعی ذہانت کی دنیا میں انقلاب برپا کرنے والے سیم آلٹمین نے غزہ کے لیے آواز اٹھادی
مصنوعی ذہانت کی دنیا میں انقلاب برپا کرنے والے، اوپن اے آئی کمپنی کے سی ای او سیم آلٹمین نے غزہ کے لیے آواز اٹھادی۔
سیم آلٹمین نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں ٹیک انڈسٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ مسلمانوں کے ساتھ ہمدری سے پیش آئیں۔
انہوں نے لکھا کہ میں محسوس کر رہا ہوں کہ ٹیک انڈسٹری میں جن لوگوں کا تعلق مسلم اور عرب دنیا سے ہے وہ غزہ میں جاری جنگ کے اثرات کے حوالے سے اپنے حالیہ تجربات کے بارے میں کوئی بھی بات واضح طور پرکرنے میں خوف محسوس کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے لکھا کہ ٹیک انڈسٹری میں موجود مسلمان، عربی اور خاص طور پر فلسطینی ساتھی جن کے ساتھ میری غزہ کی صورتحال پر بات ہوئی وہ اپنے حالیہ تجربات کے بارے میں بولنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتے ہیں کیونکہ اُنہیں یہ خوف ہے کہ اگر وہ اپنی حقیقی تجربات کے بارے میں بات کریں گے تو ان کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی ہوسکتی ہے اور ان کے کیریئر کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
سیم آلٹمین نے ٹیک انڈسٹری سے مطالبہ کیا کہ ہمیں اپنے ان مسلمان ساتھیوں کی حمایت میں متحد ہونا چاہیے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ میں دنیا میں حقیقی اور دیرپا امن کے لیے پُرامید ہوں اور اس دوران ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردی سے پیش آ سکتے ہیں۔
سیم آلٹمین نے دنیا میں بڑھتی ہوئی یہود اور اسلام دشمنی کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ میں خود یہودی ہوں اور مجھے یقین ہے کہ یہود دشمنی دنیا میں ایک اہم اور بڑھتا ہوا مسئلہ ہے لیکن میں یہ بھی دیکھتا ہوں کہ ہماری ٹیک انڈسٹری میں بہت سے لوگ میرے ساتھ کھڑے ہیں جن کی میں دل کی گہرائیوں سے تعریف کرتا ہوں مگر مجھے ایسی حمایت مسلمانوں کے لیے بہت کم نظر آتی ہے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023ء سے اسرائیلی فوج کے حملوں میں 22،000 سے زائد فلسیطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔
muslim and arab (especially palestinian) colleagues in the tech community i've spoken with feel uncomfortable speaking about their recent experiences, often out of fear of retaliation and damaged career prospects.
our industry should be united in our support of these colleagues;…
— Sam Altman (@sama) January 5, 2024