پولیو کے قطرے پلانے میں شرعاً کوئی قباحت نہیں: ڈاکٹر راغب حسین نعیمی
دارلعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ پولیو کے قطرے پلانے میں شرعاً کوئی قباحت نہیں۔
والدین سے اپیل ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔پولیوویکسین میں ایسے کوئی اجزا نہیں ہیں جو شریعت اسلامیہ کہ خلاف ہوں ۔ تمام دینی اداروں کا یہ فتویٰ ہے کہ پولیو کے قطرے بچوں کو پلائے جاسکتے ہیں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزجمعةالمبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے مزیدکہ کہ اسلام جس معاشرے کی بات کرتا ہے اس میں وہ ہر فرد کو مضبوط، توانا اور طاقتور دیکھنا چاہتا ہے۔ اسلام انسانی صحت،انسانی جان کی بقا، انسانی جان کے تحفظ کی بات کرتا ہے۔
پولیو کے خلاف حکومت پاکستان بھرپور طریقے سے جنگ لڑ رہی ہے۔ مختلف طریقوں سے ملک بھر میں پانچ سال سے کم بچوں کو ویکسین پلانے کے عمل مختلف اوقات میں جاری رہتاہے۔
علامہ راغب نعیمی نے مزید کہ پولیو ایک مرض ایک وبا ہے جو بچے کو اپاہج کردیتی ہے اگر ایک بچہ اپاہج ہوجائے تو وہ ساری زندگی اپاہج ہوجائے گا۔ان والدین سے پوچھئے جن کے بچے پولیو کی وجہ سے اپاہج ہوئے اور پوری زندگی ان کے لئے روگ بن گئے۔ وہ لمحے ان کو دے کر جیتے ہیں اور دوسرے لمحے ان کو دیکھ کر مرتے ہیں۔
پولیو کی بیماری اب صرف ہمارے ملک میں اور افغانستان میں موجود ہے، باقی دنیا نے پولیو کوحفاظتی ویکسین کے ذریعے شکست دے دی ہے۔بطور قوم ہم سب کافرض ہے کہ ہم اپنے بچوں کو پولیو سے بچاﺅکی ویکسین ضرور پلائیں۔