تازہ ترینخبریںپاکستان

ٹانک میں خودکش بمبار سمیت 5 دہشت گرد مارے گئے، 3 پولیس اہلکار شہید

 ٹانک میں خودکش بمبار سمیت 5 دہشت گرد مارے گئے جبکہ تین پولیس اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ٹانک میں خودکش بمبار سمیت 5 دہشت گردوں نے پولیس لائنز پر حملے کی کوشش کی، پولیس اور فورسز کی بروقت کارروائی میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں تین پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کا موثر جواب دہشت گردی کے خلاف غیرمتزلزل عزم کا ثبوت ہے، سیکیورٹی فورسز ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورسز امن و استحکام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہیں۔

واضح رہے 12 دسمبر کو علی الصبح چھ دہشت گردوں کے ایک گروپ نے درابن میں سیکورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا تھا تاہم چوکی میں داخل ہونے کی کوشش کو مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا گیا، جس کے بعد دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی کو پوسٹ سے ٹکرا دیا اور ساتھ ہی خودکش حملہ بھی کیا گیا۔

دھماکوں کے نتیجے میں عمارت گر گئی، جس سے متعدد ہلاکتیں ہوئیں، واقعہ میں 23 بہادر جوان شہید ہوئے جبکہ 6 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

سیکیورٹی فورسز کے مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 25 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا جبکہ 27 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button