تازہ ترینخبریںپاکستان

چیف الیکشن کمشنر کی چیف جسٹس پاکستان سے اہم ملاقات

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے اہم ملاقات کی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں سپریم کورٹ کے جسٹس سردار طارق اور جسٹس اعجازالاحسن شریک رہے۔ اس کے علاوہ اٹارنی جنرل بھی ملاقات میں موجود تھے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ججز کو لاہور ہائی کورٹ کے حکم امتناع سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کو چیف جسٹس کی جانب سے طلب کیا گیا ہے۔ ملاقات سے قبل قاضی فائز عیسیٰ نے لاہور ہائی کورٹ کے حکم امتناع پر پہلے سینئر ججز سے مشاورت کی۔

یاد رہے کہ 14 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر آر اوز اور ڈی آر اوز کی تربیت روک دی تھی۔ الیکشن کمیشن نے 11 دسمبر کا جاری کردہ نوٹیفکیشن معطل کر دیا تھا۔

لاہور ہائی کورٹ نے سرکاری افسران کی بطور آر اوز اور ڈی آراو تعیناتی کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا تھا۔ یہ فیصلہ جسٹس علی باقر نجفی نے جاری کیا تھا۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس بھی جاری کر دیے تھے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ درخواست میں اہم نکات اٹھائے گئے ہیں، الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے قومی سطح پر اثرات ہوں گے۔

ہائی کورٹ نے مزید کہا تھا کہ الیکشن پر غریب قوم کے اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں، اگر ملک کی بڑی پارٹیاں نتائج قبول نہ کریں تو سب ضائع ہو جائے گا، الیکشن کمیشن کو آزاد شفاف انتخابات کرانے کیلیے تمام امیدوران کو مساوی موقع دینا ہوتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button