صدرعارف علوی نے کہا ہے کہ بھارتی عدلیہ ہندو توا نظریے کے سامنے جھک گئی، مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی سطح پرتسلیم شدہ تنازع ہے۔
صدرمملکت عارف علوی کی جانب سے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ بھارتی عدلیہ فاشسٹ ہندو توا نظریے کے سامنے سرنگوں ہوگئی۔ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ بین الاقوامی طور پرتسلیم شدہ تنازع ہے۔
انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔ ایسے فیصلوں سے بھارت کے قبضے کو قانونی حیثیت نہیں مل سکتی۔
عارف علوی نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارتی عدالتوں میں مسلم مخالف فیصلوں کی تاریخ رہی ہے۔ بابری مسجد، سمجھوتا ایکسپریس اور گجرات فساد کے مقدمات سامنے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل نہیں کرسکتا۔ پاکستان کشمیری بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کیلئے پُرعزم ہے۔