
پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں ڈانٹے جانے پر ایک ملازم نے اپنے مالک تاجر کو اغوا کر کے قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں تھانہ سول لائن کی حدود میں ایک شخص نے تاجر محمد مشتاق کو ذاتی رنجش کی بنا پر اغوا کر کے قتل کر دیا، پولیس کا کہنا ہے کہ لاپتا تاجر کی لاش آج سوئی گیس روڈ سے مل گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق تاجر مشتاق کو 4 دن قبل اس کے ملازم علی نے اغوا کیا تھا، جس کی ایف آئی آر تھانہ سول لائن میں درج کروائی گئی تھی۔
پولیس نے تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ مشتاق نے اپنے ملازم علی کو کام نہ کرنے پر ڈانٹ دیا تھا، جس پر علی نے اپنے مالک کو اغوا کر کے قتل کر دیا، اور اس کی لاش نہر کنارے پھینک دی، جہاں سے آج لاش مل گئی۔
پولیس حکام کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ علی کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔