پاکستانی ماڈل کا مس یونیورس مقابلے میں زیب تن کیا لباس عالمی میڈیا کی شہہ سرخیوں میں

مس یونیورس کے مقابلوں میں اس وقت پاکستان کا نام گونج رہا ہے اور اسکی وجہ ہیں پاکستانی فیشن آئیکون اور ماڈل ایریکا رابن جن کا منگرد لباس خبروں کی زینت بن چکا ہے۔ مس یونیورس کے مقابلے کی دوڑ میں اس سال کل 90 حسینائیں حصہ لے رہی ہیں۔ مس یونیورس کے مقابلے کے مختلف سیگمنٹ کے بعد اب اس کا فائنل ایل سلواڈور میں 18 نومبر کی شام کو منعقد ہو گا تاہم وقت کے فرق کے باعث پاکستانی ناظرین اس کو 19 نومبر کی صبح دیکھ سکیں گے۔
اس سے پہلے مقابلے کے دوران مس یونیورس کے ’فل ایوننگ گاؤں سیگمینٹ‘ میں ایریکا رابن نے سفید اور سلور رنگ کا گاؤن پہن رکھا تھا اور سر کو نیٹ کے جھلماتے دوپٹے سے ڈھکا ہوا تھا۔
جب ایریکا سٹیج پر آئیں تو یہ الفاظ گونجے٬ پاکستان۔۔۔ ایریکا رابن اپنے ملک اور دنیا بھر میں خواتین کے لیے مساوی مواقع اور بہتر تعلیم تک رسائی کے حقوق کی حامی ہیں۔ 25 سالہ ایریکا میوزک اور سفر سے دلچسپی رکھتی ہیں اور وہ ایل سلواڈور میں یہاں کی ثقافت، کھانوں اور فطرت سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔‘
ستائش سے بھرپور ان الفاظ اور تالیوں کی گونج میں پاکستانی ماڈل اور فیشن آئیکن سمجھے جانے والی ایریکا رابن مس یونیورس کے سٹیج پر بھرپور اعتماد کے ساتھ پُروقار انداز میں چل رہی تھیں۔ یاد رہے کہ ایریکا رابن پر قدامت پسند حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی اور ہر ممکن کوشش کی گئی کہ وہ پاکستان کا نام لیتے ہوئے مقابلوں میں شریک نہ ہوں۔