تازہ ترینخبریںدنیا

حماس اسرائیل جنگ: امریکا کی چین سے ایران کو سمجھانے کی درخواست

ایک سینیئر امریکی اہلکار نے بدھ کے روز صحافیوں کو بتایا کہ سان فرانسسکو میں شی جن پنگ کے ساتھ اپنی چار گھنٹے کی ملاقات کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن نے چین سے کہا کہ وہ ایران کو مشرق وسطیٰ میں اشتعال انگیز اقدامات سے گریز کرنے کی ترغیب دیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس اہلکار نے، جس نے اپنا نام ظاہر نہیں کیا، نے کہا کہ چینی حکام نے ایران کے ساتھ خطے کو درپیش خطرات پر بات چیت کی ہے۔

7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد، امریکی صدر اور ان کی انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ عہدے داروں نے بار ہا ایران سے کہا ہے کہ وہ کشیدگی اور تصادم کو ہوا نہ دے۔

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرابدولیان نے 15 نومبر کو کہا کہ امریکہ نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے بارے میں ایران کو کم از کم دو بار پیغامات بھیجے ہیں۔

فارس خبر رساں ایجنسی کے مطابق انھوں نے کہا: ’پہلا محور (ان پیغامات کا) یہ ہے کہ ہم جنگ کو بڑھانا نہیں چاہتے اور دوسرا محور یہ ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایران تحمل سے کام لے۔‘

امریکہ کا کہنا ہے کہ شام اور عراق میں ایران کی قریبی افواج نے اس عرصے کے دوران درجنوں بار امریکی افواج اور بین الاقوامی اتحاد کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد واقعات میں امریکہ کا ردعمل سامنے آیا ہے۔

اس کے علاوہ ایران کی حمایت یافتہ حوثی فورسز نے کئی مواقع پر اسرائیل پر میزائل یا ڈرون فائر کیے ہیں۔

حوثیوں نے 9 نومبر کو یمن کے ساحل کے قریب پانیوں میں ایک امریکی MQ-9 ڈرون کو بھی مار گرایا تھا۔

تازہ ترین پیشرفت میں، ایک امریکی اہلکار نے بدھ کے روز بتایا کہ ایک امریکی جنگی جہاز نے ایک ڈرون کو مار گرایا جو یمن سے اس جہاز کی طرف روانہ کیا گیا تھا جب وہ جنوبی بحیرہ احمر میں سفر کر رہا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button