
ایران نے کہا ہے کہ اگر مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال میں امریکا نے اسرائیل کی حمایت جاری رکھی تو خطے میں اسے بھی سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایران نے امریکا کو مشرق وسطیٰ میں نئے محاذوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کی روش تبدیل کرنے میں ہچکچاہٹ خطے میں کشیدگی کا باعث بن سکتی ہے۔
اس حوالے سے ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا دوسروں کو تو مشورے دے رہا ہے لیکن خود اس پرعمل درآمد نہیں کرتا۔
امریکا دوسرے ممالک کو اس تنازع سے الگ رہنے کا کہتا ہے اور خود اسرائیل کا بھرپور ساتھ دے رہا ہے،غزہ میں خونریزی اسی طرح سے جاری رہی تو خطے میں حالات قابو سے باہر ہوجائیں گے۔
ایرانی وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکی فریق کو فیصلہ کرنا چاہیے کہ کیا واقعی وہ جنگ کو بڑھانا چاہتاہے؟ انہوں نے واضح کیا کہ ایران نے عراق اور شام میں امریکی اڈوں پرحملے کی ہدایت نہیں کی۔