ٹڈاپ ویکسی نیٹ : خواتین بااختیار، ملک خوشحال

محمد ناصر شریف
خواتین کو بااختیار بنانا معاشرے کی اجتماعی، اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ترقی کی کنجی خواتین کو بااختیار بنانا ہے۔ حقیقت میں یہ اس وقت ممکن ہے کہ جب خواتین کو فیصلہ سازی کے عمل میں شریک کیا جائے۔ خواتین معیشت، خوراک کی پیداوار اور دیگر اشیا کی تیاری میں سب سے اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ہر دور میں اقوام کے استحکام، ترقی اور طویل مدتی خوشحالی کو یقینی بنانے میں خواتین نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ خواتین کی صلاحیتوں اور مہارتوں کو بڑی حد تک پوری طرح بروئے کار نہیں لایا گیا۔ عورت جتنی زیادہ تعلیم یافتہ ہو گی، اسے معاشی مواقع ملنے کا امکان اتنا ہی زیادہ ہو گا۔ اپنی ذاتی ترقی و نشوو نما سے متعلق اہم فیصلے کرنے کا اختیار خواتین کی خود مختاری کہلاتا ہے۔ یہ خواتین کو زندگی کے ہر پہلو میں آزادی دیتا ہے، جس میں ذہنی، فکری اور سماجی رکاوٹوں کی پرواہ کئے بغیر درست فیصلے کرنے کی آزادی سمیت ہر طرح کی آزادی شامل ہے۔
خواتین کی خود مختاری کو صحیح معنوں میں حقیقت کا روپ اس وقت ملے گا جب خواتین کے حوالے سے معاشرے کے رویوں میں تبدیلی آئے گی، ان کے ساتھ باقاعدہ ادب و احترام پر مبنی، باوقار سلوک کیا جائے گا اور ان کے ہر معاملے میں انصاف اور برابری سے کام لیا جائے گا۔
وطن عزیز میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ( ٹڈاپ) خواتین کو معاشی طور پر خودمختار اور بااختیار بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ اور اسی سلسلے میں ایکسپو سینٹر لاہور میں WEXNET 2023کے 11ویں ایڈیشن کا 3ستمبر سے2 اکتوبر 2023تک انعقاد کر رہا ہے۔
WEXNET، جسے وومن انٹرپرینیورز نیٹ ورک بھی کہا جاتا ہے، خواتین کے لیے پاکستان کی سب سے بڑی اور خصوصی نمائش ہے جو ایک چھت کے نیچے مختلف کاروبار سے تعلق رکھنے والی خواتین کو اپنی مصنوعات کی نمائش، نیٹ ورک روابط کو فروغ دینے، باہمی طور پر فائدہ مند تعاون میں مشغول ہونے، اپنے تجربات کا اشتراک کرنے اور خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتی ہے۔ ٹڈاپ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے 1999، 2001، 2002، 2003،2005، 2006، 2010، 2014، 2015اور 2022میں بڑے ہی کامیاب ویکس نیٹ ایڈیشنز کا انعقاد کیا۔ جس کی بدولت کاروبار سے منسلک ہزاروں خواتین کو فائدہ پہنچا اور انہوں نے معیشت کی بہتری کے لیے کردار ادا کیا۔
ویکس نیٹ کے گیارہویں ایڈیشن میں حیدرآباد، گلگت، نگر، سیالکوٹ، پشاور، ڈی جی خان،لاہور، راولپنڈی، کراچی، اسلام آباد، وزیرآباد، بہاولپور، ہنزہ، ملتان ، وہاڑی، فیصل آباد، ایبٹ آباد،آزادکشمیر، مظفر آباد، اوکاڑہ، گوجرانوالہ، چارسدہ،سوات،مانسہرہ، لودھراں، ڈیرہ اسماعیل خان، قصور و دیگر شہریوں کے ممتاز آرٹسٹ، ڈیزائنرز اور خواتین انٹرپرنیوررز اپنی 300 منفرد برانڈز کے ساتھ حصہ لے رہی ہیں۔ جس میں ریڈی گارمنٹس، ہنڈی کرافٹ، ووڈن ٹوائز، ایمبرائیڈی،جیم اینڈ جیولری، ہوم ٹیکسٹائل، ایگرو اینڈ فوڈ، قالین بانی، بیوٹی اینڈ ہیلتھ، فرنیچر ، فارما سیوٹیکل ، باکس اینڈ ایجوکیشن آئٹم، سروسز، اسپورٹس گڈز،کلاتھنگ اور ریڈی ویئر، فوڈ، بیوٹی اور ہربل ، آرٹس اینڈ کرافٹ، اونی مصنوعات، پرنٹنگ، ڈیکوریشن آئٹم ، فٹ ویئر، لیدر ودیگر مصنوعات شامل ہیں۔
ویکس نیٹ نمائش خواتین انٹرپرنیوررز کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مختلف موضوعات کا احاطہ کرے گی جو انہیں کاوربار کو ترقی دینے کے لیے نئے معمولات کا اختیار کرنے میں مدد فراہم کرے گی ۔ ویکس نیٹ نمائش میں کاروباری ملاقاتوں کے علاوہ صارفین کے ساتھ روابط بڑھانے کا بھی موقع فراہم کرے گی ۔
ویکس نیٹ ایکسپو میں خواتین انٹرپرینیورز کو اسٹالز، کرایہ اور دیگراخراجات کی مدمیں اسپیشل سبسڈی بھی فراہم کی جاتی ہے۔ جس کا مقصد پسماندہ یا کم ترقی یافتہ علاقوں کی خواتین کوزیادہ سے زیادہ پروموٹ کرکے گھر معاشرہ اور ملک میں خوشحالی لانا ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ ٹڈاپ ٹریننگ کے لیے ویمن انٹرپرینیورز کو بیرون ملک بھی بھیجتاہے۔ جو خواتین کو جدید کاروباری ٹیکنیک سیکھنے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔