
سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ملک کو ڈیفالٹ سے نہ بچاتی تو آج پیٹرول ایک ہزار روپے لیٹر ہوتا۔ پارٹی کے مشاورتی اجلاس سے ویڈیولنک خطاب میں نواز شریف کا کہنا تھاکہ ملک کو تباہی کی حالت پر پہنچانے والے سب سے بڑے مجرم ہیں، 70 سال میں اتنا بڑا جرم کسی نے نہیں کیا ہوگا کہ ملک کو ڈیفالٹ کے کنارے کھڑا کردیاگیا، ہم نے اپنا سیاسی سرمایہ داؤ پر لگاکرپاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی زخمی پڑا ہو تو کیا اسے نہیں بچانا چاہیے؟ اسی طرح ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کی قیمت ہم نے ادا کی ہے، پاکستان کے درد کی خاطر ہم نے خلوص سے یہ قربانی دی ہے، پی ڈی ایم ملک کو ڈیفالٹ سے نہ بچاتی تو آج ملک میں پیٹرول ایک ہزار روپے لیٹر ہوتا۔
ان کا کہنا تھاکہ لکھ کر دیتا ہوں، انتخابات میں کامیاب بھی آپ ہی ہوں گے، میں نے پہلے بھی معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑا تھا، اب بھی اللہ تعالیٰ پر چھوڑا ہے، اللہ تعالیٰ آپ کویہ صلہ کامیابیوں کی صورت میں دے گا۔