تازہ ترینخبریںدنیا سے

کینیڈا نے انڈین سفارتکار کو ملک بدر کر دیا

کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانیا جولی نے وزیر اعظم ٹروڈو کے تبصرے کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ کینیڈا نے پیر کو اعلیٰ ترین انڈین سفارتکار پون کمار رائے کو بھی اس معاملے پر ملک بدر کر دیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ کینیڈا سے ملک بدر کیے جانے والے انڈیا کے اعلیٰ سفارتکار کینیڈا میں انڈیا کی خفیہ ایجنسی را کے سربراہ تھے۔

کینیڈین وزیر خارجہ میلانیا جولی نے کہا کہ کینیڈین حکام سکھ رہنما کے قتل سے متعلق ہونے والی تحقیقات کے پیش نظر عوامی سطح پر زیادہ معلومات دینے سے قاصر ہیں۔

کینیڈا میں تفتیش کاروں نے پہلے 45 سالہ ہردیپ سنگھ کی موت کو ’ٹارگٹ کلنگ‘ قرار دیا تھا۔

یاد رہے کہ سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کو دو نقاب پوش مسلح افراد نے جون کے وسط میں وینکوور سے تقریباً 30 کلومیٹر دور واقع شہر سرے میں واقع گرو نانک سکھ گرودوارے کی مصروف کار پارکنگ میں گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

وہ کینیڈا کے مغربی صوبے برٹش کولمبیا میں ایک ممتاز سکھ رہنما تھے اور انھوں نے عوامی سطح پر خالصتان ریاست کے لیے تحریک چلائی تھی۔ خالصتان تحریک دراصل انڈیا کے صوبہ پنجاب کے علاقے میں سکھوں کے ایک آزاد وطن کی تحریک ہے۔ ان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ وہ ماضی میں اپنی سرگرمی کی وجہ سے دھمکیوں کا نشانہ بنے تھے۔

انڈیا نے اس سے قبل انھیں ایک دہشت گرد قرار دیا تھا اور ان پر ایک عسکریت پسند علیحدگی پسند گروہ کی قیادت کرنے کا الزام لگایا تھا۔ ان الزامات کو ہردیپ سنگھ کے حامی ’بے بنیاد‘ کہتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button