Uncategorized

ٹی 20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت نے نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا

بھارت نےپہلے ٹی 20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دیدی۔
بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔بھارتی ٹیم میں کپتان روہت شرما، لوکیش راہول، سوریا کمار یادیو، شیرس ائیر، رشبا پنت، وینکتیش ائیر، ایکسر پٹیل، روی چندرا ایشون، بھونیشور کمار، دیپک چہر اور محمد سراج شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کپتان ٹم ساؤتھی، ڈیرل مچل، مارٹن گپٹل، مارک چیپمین، گلین فلپس، ٹم سیفرٹ، رچن رویندرا، مچل سیٹنر، ٹوڈ اسٹل، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ شامل تھے.
جے پور میں کھیلے جا رہے میچ میں بھارتی ٹیم نے 165 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں دو گیندیں قبل پورا کیا۔بھارت کی جانب سے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو چھوٹے ہدف کے تعاقب میں شاندار آغاز فراہم کیا،دونوں بلے بازوں نے وکٹ کے چاروں جانب شاٹس کھیلیں اور پہلے ہی اوور سے بھارتی ٹیم نیوزی لینڈ پر سبقت لیتی نظر آئی.
اوپننگ بلے باز لوکیش راہول 14 گیندوں پر 15 رنز بناکر سیٹنر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔پہلی وکٹ گرنے کے بعد سوریا کمار یادیو بیٹنگ کے لیے آئے اور انہوں نے بھی جارحانہ انداز اپنایا۔کپتان روہت شرما 36 گیندوں پر 48 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر آؤٹ ہوئے انکی اننگز میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔بھارت کی جانب سے سوریا کمار یادیو 40 گیندوں پر 62 رنز بناکر سب سے نمایاں بلے باز رہے،انکی اننگز میں چھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔
سوریا کمار یادیو کی وکٹ ٹرینٹ بولٹ نے حاصل کی۔بھارت کے آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی شیرس آئیر تھے جو کہ آٹھ گیندوں پر پانچ رنز بناکر ٹم ساؤتھی کی گیند پر آؤٹ ہوئے،بھارت کی پانچویں وکٹ آخری اوور میں گری ،وینکتیش آئیر دو گیندوں پر چار رنز بناکر ڈیرل مچل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔آخری اوورز میں سیٹ بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد میچ دلچسپ ہوگیا،میچ کے آخری اوور میں بھارت کو جیت کے لیے 10 دس رنز درکار تھے۔بھارت نے دس رنز چار گیندوں پر بناکر میچ اپنے نام کرلیا۔ رشبا پنت 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ نے بھارت کو پہلے ٹی 20 میچ میں جیت کے لیے165 رنز کا ہدف دیا تھا۔نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر164 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور اوپننگ بلے باز ڈیرل مچل پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے،جس کے بعد نیوزی لینڈ نے محتاط انداز اپنا اور 10ویں اوور کے بعد بڑی شاٹس کھیلنا شروع کیں۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپننگ بلے باز مارٹن گپٹل نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 42گیندوں پر 70 رنز بنائے،انکی اننگز میں چار چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔ دیگر بلے بازوں میں مارک چیپمین50 گیندوں پر 60 رنز بناکر نمایاں رہے،انکی اننگز میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔بھارت کی جانب سے بھونیشور کمار ،روی چندراایشون نے دو ،دو جبکہ محمد سراج اور دیپک چہر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button