
سابق کپتان سرفراز احمد نے سری لنکا کے پالی کیلے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آج کے پاک بھارت میچ میں بہتر ٹیم کے بارے میں اپنی رائے ظاہر کی ہے۔
قومی ٹیم کے بہترین وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے آج کے پاک بھارت میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا پاکستان ٹیم بھارت سے بہت بہتر ہے، انھوں نے کہا کہ یہ ٹھیک ہے کہ ورلڈ کپ 2019 میں ہم بھارت سے ہارے تھے، اور بھارت کے ساتھ ہم ایک میچ جیتے اور ایک ہارتے ہیں، لیکن ابھی قومی ٹیم بہت بہتر ہے۔
سرفراز احمد نے کہا ایشیا کپ میں آج ہائی وولٹیج میچ ہے، دنیا بھر کی پاک بھارت میچ پر نظریں مرکوز ہیں، تاہم پاکستان کے لیے ہر میچ اہمیت رکھتا ہے، اس لیے جس انداز سے بھارت کے خلاف کھیلیں گے ویسے ہی دیگر ٹیموں کے خلاف بھی کھیلنا ہوگا۔
انھوں نے کہا ورلڈ نمبر ون ٹیم بننے سے پاکستان ٹیم کا حوصلہ بڑھا ہے، ایشیا کپ کے بعد ورلڈ کپ میں بھی اچھا پرفارم کریں گے، اور ہم افغانستان کے خلاف اچھی کرکٹ کھیل چکے ہیں۔
سرفراز احمد نے کرکٹ ہی پر تبصرہ نہیں کیا بلکہ دیگر شہریوں کی مانند بجلی بل پر وہ بھی زبان کھولنے پر مجبور ہو گئے، سرفراز نے کہا بجلی کا بل بہت زیادہ آ رہا ہے، گزارش ہے ہم پر کچھ رحم کریں