
عراق میں ایرانی زائرین کی بس افسوسناک حادثے کا شکار ہوگئی، زائرین کی بس ٹرک سے ٹکرانے کے باعث 9 ایرانی زائرین لقمہ اجل بن گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عراقی حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی زائرین بس کے حادثے میں 9 افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 8 زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے، جنہیں اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پیر کے روز ایرانی زائرین کی بس اربعین حسینی میں شرکت کے لئے عراق کے شہر کربلا جا رہی تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی۔
دوسری جانب عراقی حکومت نے اربعین (حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کے چالیسویں) کے موقع پر پاکستانی زائرین اور مسافروں کی سہولت کیلئے اہم اقدامات کیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اربعین کے دوران پاکستانی زائرین کا کوٹہ ایک لاکھ مقرر کردیا گیا۔ اس دوران زائرین کو بغیر کسی فیس کے 30 دن کیلئے ویزا جاری کیا جائے گا۔