
پنڈی بھٹیاں حادثہ، متعلقہ بیٹ کمانڈر اور نائٹ شفٹ پٹرولنگ افسران معطل
پنجاب کے ضلع حافظ آباد میں پیش آنے والے افسوس ناک ٹریفک حادثے کے بعد حکام نے متعلقہ بیٹ کمانڈر اور نائٹ شفٹ پٹرولنگ افسران کو معطل کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس حکام نے پنجاب کے شہر پنڈی بھٹیاں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، آئی جی موٹر وے سلطان علی خواجہ کا کہنا ہے کہ حادثہ پنڈی پھٹیاں کے قریب بس اور آئل سے بھری گاڑی کے ٹکرانے سے پیش آیا۔
آئی جی کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ حادثہ بس ڈرائیور کی غفلت سے پیش آیا، ڈرائیور سو گیا تھا جس کی وجہ سے ایکسیڈنٹ ہو گیا۔ تاہم ڈیزل سے بھرے پک اپ وین کی موجودگی پر حکام نے متعلقہ بیٹ کمانڈر اور نائٹ شفٹ پٹرولنگ افسران کو معطل کر دیا، آئی جی پنجاب نے کہا کہ حادثے کے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈی آئی جی موٹر وے محمد سلیم کے مطابق محکمانہ کارروائی کے لیے ایک انکوائر ی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو 24 گھنٹوں کے اندر حادثے کی رپورٹ جمع کرائے گی، ادھر موٹر وے ترجمان کا کہنا ہے کہ آئی جی موٹر وے نے تمام شفٹوں میں موجود افسران اور بیٹ کمانڈر کو معطل کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ بس حادثے میں 20 مسافر جاں بحق اور 14 زخمی ہوئے ہیں، ڈی پی او حافظ آباد ڈاکٹر فہد احمد کے مطابق مسافر بس کراچی سے اسلام آباد جا رہی تھی کہ سڑک پر کھڑی پک اپ وین سے ٹکرا گئی، وین میں ڈیزل کی ٹنکی لوڈ تھی، جس کے نتیجے میں گاڑیوں کو آگ لگ گئی، یہ حادثہ صبح ساڑھے 4 بجے پیش آیا۔
دریں اثنا، آئی جی موٹر وے پولیس نے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال پنڈی بھٹیاں کا دورہ کیا، ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال پنڈی بھٹیاں لایا گیا ہے