پیٹرول قیمتوں میں اضافہ : تاجر برادری نے دھمکی دے دی

تاجر برادری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اضافہ واپس نہ لیا گیا تو ملک بھر میں مظاہرے کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات حکومت نے عوام پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بم چلایا، جس کے بعد مہنگائی کے ہاتھوں ستائی تاجر برادری سیخ پا ہوگئی۔
پیٹرول مہنگا ہونے پر آل پاکستان تاجر لیبرز ریسٹورنٹس، کیٹرز، بیکرز ایسوسی ایشن نے اپنے شدید ردعمل میں کہا ہے کہ سبزیوں، پھلوں اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوجائے گا، نگراں حکومت ہوش کے ناخن لے۔
تاجر ایسوسی ایشنز کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی عوام اور تاجروں کیلئے بجلی اور گیس کے بلوں کی ادائیگی مشکل تھی اب پٹرول بم بھی گرا دیا گیا، واسا نے بھی پانی، سینی ٹیشن چارجز میں ایک ہزار گناہ اضافہ کردیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ ہوشربا مہنگائی سے ملک بھر میں تاجر تباہ اور کاروبار بند ہو رہے ہیں، کروڑوں پاکستانیوں کو فوڈ سیکٹر کے تاجر روزگار فراہم کرتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پیٹرول، ڈیزل کی قیمت بڑھنے سے ہرچیز مہنگی اور بیروزگاری مزید بڑھے گی، نگران حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے کے فوری اقدامات کرے۔
ایسوسی ایشنز عہدیداران نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ واپس لے بصورت دیگر ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے شروع کردیں گے۔