پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ پی پی یا ن لیگ کی چوائس نہیں ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر عدالت سے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ پی پی یا ن لیگ کی چوائس نہیں ہیں۔ دونوں جماعتوں کا اس عہدے کے لیے ڈاکٹر مالک پر اتفاق تھا۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے تحریک انصاف کو توقع ہے اور ہم صاف وشفاف الیکشن کی امید کرتے ہیں۔ نگراں وزیراعظم ایسی کابینہ بنائیں جو غیر جانبدار ہو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں میں کشیدگی بڑھتی جا رہی تھی، پی ٹی آئی کی جو خواتین زیر حراست ہیں انہیں رہا کیا جائے اور چیئرمین پی ٹی آئی کو ان کے حق کے مطابق جیل میں سہولیات دی جائیں۔ جیل میں اگر وکلا کو ان سے ملاقات کی رسائی حاصل نہیں ہو گی تو یہ نا انصافی ہوگی، اب یہ نگراں وزیراعظم پر منحصر ہے کہ وہ کس طرح انصاف کریں گے۔
واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے گزشتہ روز جشن آزادی کے موقع پر اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ ان کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی۔
تقریب حلف برداری کے بعد انوار الحق کاکڑ وزیراعظم ہاؤس گئے اور عملے سے ملاقات کی۔