
لاہور میں سب سے بڑا اور بلند ترین قومی پرچم نصب کرنے کی منصوبہ بندی
پاکستان کے جشن آزادی کے موقع پر لاہور کے مرکزی علاقے لبرٹی چوک پر دنیا کا بلند ترین اور سب سے بڑا قومی پرچم نصب کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
اسلامی جمہوریہ پاکستان کے یوم آزادی کے حوالے سے عوام الناس میں جوش وجذبہ پایا جاتا ہے اور وہ جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ گھروں، گلیوں اور محلوں کو سبز ہلالی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے قلب میں واقع لبرٹی چوک پر بھی جشن آزادی کے موقع پر دنیا کا بلند ترین اور سب سے بڑا قومی پرچم نصب کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
اس حوالے سے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ اس قومی پرچم کی تنصیب میں حکومت کا ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہوگا بلکہ اس پر نجی شعبہ فنڈنگ کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ فنڈز کا انتظام ہونے پر 14 اگست کو منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جا سکتا ہے۔