حکومت سندھ اپنی مدت ختم ہونے تک اپنوں کو نوازنے میں مصروف

کراچی ( رپورٹ شکیل نائچ ) حکومت سندھ اپنی مدت ختم ہونے تک اپنوں کو نوازنے میں مصروف عمل ہے پارٹی قیادت کے قریب رہنے والے ڈاکٹر عاصم حسین کو جاتے جاتے ایک اور عہدے سے نواز دیا ہے محکمہ سرمایہ کاری کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ کابینہ کے فیصلے کے تحت وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ڈاکٹر عاصم حسین کو چیئرپرسن ایجوکیشن سٹی بورڈ مقرر کردیا ہے اس وقت ڈاکٹر عاصم حسین چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور چیئرمین ضیاء الدین ایجوکیشن بورڈ کے طور پر کام کررہے ہیں جبکہ ان کی اہلیہ ڈاکٹر ثمرین حسین وائس چانسلر داؤد انجنیرنگ یونیورسٹی کے طور پر کام کررہی ہیں اس کے علاوہ ضلع سینٹرل میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور سرکاری زمینوں کے معاملات بھی ان کے حوالے ہیں ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بھی ان کی سفارش پر مقرر کیا جاتا ہے اب گلشن حدید کے پاس سینکڑوں ایکڑ زمین پر بننے والے ایجوکیشن سٹی بورڈ کا چیئرپرسن مقرر کردیا گیا ہے جہاں نجی تعلیمی ادارے تعمیر ہوں گے اور ان کی منظوری ڈاکٹر عاصم حسین دیں گے ۔