محکمہ خزانہ نے آبپاشی 67 ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز روک دیئے

کراچی ( رپورٹ شکیل نائچ ) محکمہ خزانہ نے سندھ کابینہ کی منظور شدہ پالیسی کے تحت محکمہ آبپاشی کے رواں مالی سال 2023-24ء میں مکمل کئے جانے والے 67 ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز روک دیئے ہیں محکمہ خزانہ کی جانب سے سیکریٹری محکمہ آبپاشی کو بھیجے گئے مراسلہ میں کہا ہے کہ سندھ کابینہ نے رواں مالی سال 2023-24ء کے لئے تین کیٹیگریز کی پالیسی منظور کی ہے پہلی کیٹیگری کے تحت کچھ ترقیاتی منصوبوں پر 100 فیصد بجٹ جاری کی جائے گی کچھ ترقیاتی منصوبوں پر 50 فیصد بجٹ جاری کیا جائے گا اور باقی ترقیاتی منصوبوں پر 25 فیصد بجٹ جاری کیا جائے گا اس فیصلے کے تحت محکمہ آبپاشی کے 67 ترقیاتی منصوبوں کا بجٹ التوا میں رکھا گیا ہے ان میں 52 منصوبوں پر ٹوکن رقم مختص کی گئی ہے تین منصوبوں کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں ہے 10 منصوبوں کا محکمہ جاتی رلیز آرڈر جاری کرنے کا انتظار کیا جارہا ہے ایک منصوبہ پر رقم ہی مختص نہیں کی گئی 2 منصوبے منظور نہیں کئے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ مانیٹرنگ اینڈ ایوالیوشن کمیٹی سے ان منصوبوں کے بارے میں رابطہ کرکے درستگی کرالیں اور ان منصوبوں کے بارے میں ریونیو کی مد میں بجٹ کو پی سی ون کے مطابق تیار کرکے منظوری لیں تاکہ التوا میں رکھا گیا بجٹ جاری کیا جاسکے ۔