آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات منفرد نوعیت کے ہیں اور ہر امتحان کی گھڑی میں سرخرو ہوئے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 96ویں سالگرہ کی تقریب جی ایچ کیو میں منعقدہ تقریب ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں چینی ناظم الامور، ڈیفنس اتاشی اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات منفرد نوعیت کے ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات ہر امتحان کی گھڑی میں سرخرو ہوئے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پیپلز لبریشن آرمی اور پاک فوج بھائی بھائی ہیں، دونوں افواج کا تعلق اور تعاون مزید وسعت اختیار کرے گا۔ انہوں نے چین کے دفاع، سکیورٹی اور تعمیر میں پیپلز لبریشن آرمی کی تعریف کی۔
تقریب میں چینی ناظم الامور کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کا اسٹریٹجک تعاون آزمائش کی ہر گھڑی میں پورا اترا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سی پیک کے آغاز کو 10 سال مکمل ہونے پر تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، عسکری قیادت کے کامیاب دورے باہمی فوجی تعلقات کو فروغ دیں گے