وزیر اعظم نے گھریلو ملازمہ رضوانہ پر تشدد کا نوٹس لے لیا

وزیر اعظم شہباز شریف نے سول جج کی اہلیہ کے ہاتھوں بدترین تشدد کا نشانہ بننے والی کمسن گھریلو ملازمہ رضوانہ کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے متاثرہ گھریلو ملازمہ کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ متاثرہ بچی کی زندگی بچانے اور صحتیابی کیلیے پوری کوشش کی جائے، مظلوم بچی کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ملزم کون ہے اسے خاطر میں نہ لایا جائے بلکہ انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے، قانون پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے ظالم اور قانون شکن رعایت کے مستحق نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کسی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر قانون پر سختی سے عمل کرے، معاشرہ ایسی اندھیرنگری اور ظلم و جبر کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے متاثرہ بچی کے والدین کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی دی۔