
چیف سیکریٹری کا اطلاعات تک رسائی کے قانون پر فوری طور پر عمل کرنے کا حکم
کراچی ( رپورٹ شکیل نائچ ) چیف سیکریٹری سندھ نے ایک مرتبہ پھر تمام محکموں کے سیکریٹریز کو حکم جاری کیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر اطلاعات تک رسائی کے قانون پر فوری طور پر ردعمل کرتے ہوئے معلومات کی فراہمی کے لئے آنے والی درخواست پر تین روز میں مطلوبہ معلومات فراہم کریں چیف سیکریٹری سندھ کے عدالتی معاملات کے فوکل پرسن نے تمام انتظامی سیکریٹریز سے کہا ہے کہ وہ سندھ ٹرانسپیرنسی اینڈ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2016ء کے تحت کسی بھی شہری کو درخواست ملنے کے تین روز کے اندر مطلوبہ معلومات فراہم کی اور اس رپورٹ کو سندھ ہائی کورٹ میں بھی پیش کیا جائے گا تمام سیکریٹریز کو یہ مراسلہ ارسال کرتے ہوئے پابند کیا گیا ہے کہ اگر ان سے کوئی شہری درخواست دے کر ان کے محکمہ سے متعلق معلومات مانگے تو اس شہری کو تین روز کے اندر مطلوبہ معلومات فراہم کی جائے اگر اس حکم نامہ پر عمل نہ کیا گیا تو اس محکمہ کے سیکریٹری کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور اس بارے میں سندھ ہائی کورٹ کو بھی آگاہ کیا جائے گا ۔