
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان توشہ خانہ ریفرنس میں فوجداری کارروائی اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی سمیت دیگر درجن بھر مقدمات میں آج (جمعرات) کو اسلام آباد ہائی کورٹ اور متعدد دیگر عدالتوں میں پیش ہوں گے۔
پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سابق وزیراعظم اپنی لاہور میں واقع رہائش گاہ سے سیکیورٹی اسٹاف کے ہمراہ اسلام آباد میں پیشی کے لیے روانہ ہوئے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں سیشن کورٹ میں جاری کارروائی روکنے کے حکم میں 14 جون تک توسیع کردی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی، سابق وزیر اعظم کے وکیل خواجہ حارث، توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز عدالت میں پیش ہوئے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس کی سماعت ہوئی، عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے آئندہ ہفتے تک کیس ملتوی کرنے کی استدعا کی۔
وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا کہ عدالت نے ٹرائل کورٹ کی کارروائی کو روک رکھا ہے، اگر یہ وقت مانگ رہے ہیں تو مجھے کوئی اعتراض نہیں۔
الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے ٹرائل کورٹ کو کارروائی سے روکنے کا حکم واپس لینے کی استدعا کردی، ان کا کہنا تھا کہ عدالت اسٹے ختم کرکے ٹرائل کورٹ کو حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روک سکتی ہے، عدالت سے اسٹے ختم کرنے کی استدعا ہے۔
عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیے کہ میں نے ٹرائل کورٹ کے دائرہ اختیار سے متعلق بھی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ 6 ہفتے تک کا وقت دیا گیا تھا ابھی تک ٹرائل کورٹ کی کاروائی رکی ہوئی ہے، ٹرائل کورٹ کو کیس کی کارروائی آگے بڑھانے کی اجازت دی جائے۔
وکیل چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ آئندہ جمعرات کو سماعت کر کے دلائل سن لیے جائیں، جس پر وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز نے بتایا کہ یہ سابق چیف ایگزیکٹو کے خلاف کیس ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ صرف قانونی نکات پر دلائل دیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے خلاف سیشن کورٹ میں جاری کارروائی روکنے کے حکم میں 14 جون تک توسیع کردی۔
سابق وزیر اعظم نے توشہ خانہ کیس کے قابل سماعت ہونے کے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کررکھا ہے
گزشتہ سماعت پر عدالت نے توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کی کارروائی کو روک دیا تھا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت ہوئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے آج حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر کی گئی۔
وکیل سلمان صفدر نے مؤقف اپنایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 6 نئے مقدمات درج ہوگئے ہیں، وہ اسلام آباد کی عدالتوں میں 17 کیسز میں پیش ہوں گے، چیئرمین پی ٹی آئی پر قاتلانہ حملہ بھی کیا گیا۔
چئیرمین تحریک انصاف عمران خان امپورٹڈ حکومت کی جانب سے بنائے گئے جھوٹے کیسز میں عدالت میں پیشی کے لیے اسلام آباد روانہ #BehindYouSkipperAlwayspic.twitter.com/AFkB8JXIrW
— PTI (@PTIofficial) June 8, 2023