تازہ ترینخبریںدلچسپ و حیرت انگیز

’میز گوریے‘ خودکار ایٹمی میزائلوں سے لیس روس کا خفیہ شہر؟

روس میں ایک چھوٹا سا شہر ایسا ہے جو پوری دنیا سے کٹا ہوا ہے اور وہاں کیا کام ہورہا ہے، اس بارے میں کوئی کچھ دعوے سے نہیں بتا سکتا۔ یہ شہر یا قصبہ آباد ہے لیکن وہاں کے رہنے والوں کو باہر کے لوگوں سے ملنے کی اجازت نہیں ہے۔

’’میز گوریے‘‘ (Mezhgorye)نام کا یہ قصبہ یورال کے پہاڑی سلسلے میں واقع ہے اور جمہوریہ بشخرتستان کے دارالحکومت اوفا سے 120میل کے فاصلے پر ہے۔ یہ چھوٹا شہر 1979 ء میں بسایا گیا تھا اور کہا جاتا ہے کہ یہاں ایٹمی میزائل نصب کیے گئے ہیں۔

اگرچہ یہ بات پوری طرح مصدقہ ذرائع سے معلوم نہیں ہوئی ہے لیکن یہ مشہور ہے کہ روسی حکام نے یہاں خودکار میزائل نصب کیے ہیں جنہیں دور دراز مقام سے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے داغا جاسکتا ہے۔

اس ٹاؤن کی حفاظت کیلئے روسی فوج کی دو بٹالین ہمہ وقت موجود رہتی ہے جو باہر سے کسی کو اندر آنے کی اجازت نہیں دیتی۔ باہر کی دنیا بالخصوص امریکا کو ’’میز گوریے‘‘ کے بارے میں معلومات صرف سیٹلائٹ کی تصاویر کے ذریعے حاصل ہوتی ہیں۔

روسی حکومت کا دعویٰ ہے کہ وہاں کوئی ایٹمی میزائل نصب نہیں ہے اور نہ ہی کوئی خفیہ فوجی کام کیا جارہا ہے بلکہ یہ قصبہ کان کنی کیلئے استعمال کیا جاتا ہے لیکن کس چیز کی کان کنی کی جارہی ہے، یہ بھی نہیں بتایا جاتا۔

کچھ لوگ یہ دعویٰ بھی کرتے ہیں کہ ’’میز گوریے‘‘ میں زیرزمین خفیہ بنکرز تعمیر کیے گئے ہیں جہاں کسی ہنگامی صورت حال مثلاً ایٹمی جنگ کی صورت میں روسی قیادت پناہ گزین ہوسکتی ہے۔ ان بنکرز میں تجوری نما والٹس بھی بنائے گئے ہیں جن میں روس کا خزانہ محفوظ کیا جاسکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button