لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں جناح ہاؤس میں جلاؤ گھیرا اور توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں کمانڈنگ افسرنے آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل کے لیے 16 شرپسندوں کی حراست مانگی۔
عدالت نے کمانڈنگ افسر کی اپیل پر پہلے فیصلہ محفوظ کیا جسے کچھ دیر بعد سناتے ہوئے کمانڈنگ افسر کی استدعا منظور کرلی۔
عدالت نے سابق ایم پی اے میاں اکرم عثمان سمیت 16 شرپسندوں کو کمانڈنگ افسر کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہےکہ کمانڈنگ افسر کے مطابق ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل ہوسکتا ہے اوراب ملزمان کے خلاف مزید کارروائی آرمی ایکٹ 1952 کے تحت ہوگی۔
عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ کمانڈنگ افسر کے مطابق ملزمان آفیشل ایکٹ کے تحت قصور وار پائے گئے ہیں۔