تازہ ترینخبریںدنیا

سعودی عرب اور امریکا کی ثالثی، سوڈان میں جنگ بندی پر اتفاق

سعودی عرب اور امریکا کی ثالثی کے بعد سوڈان میں جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوڈان کے متحارب فوجی دھڑوں کے درمیان قلیل مدتی جنگ بندی معاہدے پر اتفاق ہو گیا ہے۔

سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز نے جدہ میں ہونے والی بات چیت کے بعد مختصر مدت کے لیے جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کر دیے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں فوجی گروپس جنگ بندی معاہدے کی تکمیل کے لیے پُرعزم ہیں۔

جنگ بندی معاہدہ سعودی عرب اور امریکا کی ثالثی میں ہوا، سوڈانی دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت جدہ معاہدے کی تمام دفعات کی پابند ہے اور جنگ بندی کے حوالے سے کیا جانے والا جدہ معاہدہ تمام مطلوبہ اہداف حاصل کر لے گا۔ انھوں نے کہا کہ اس جنگ بندی کے نتیجے میں سوڈانی عوام کو درپیش مشکلات کم ہوں گی۔

عرب نیوز کے مطابق سعودی شہر جدہ میں بات چیت کے بعد فوج اور حریف پیرا ملٹری ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان دستخط ہفتے کے روز کیے گئے ہیں، جب کہ معاہدے پر عمل درآمد پیر کی شام سے بین الاقوامی طریقہ کار کے تحت شروع ہوگا۔ اتوار کو بھی دارالحکومت خرطوم میں سوڈان کے متحارب دھڑوں کے درمیان فضائی حملوں اور جھڑپوں کی آوازیں سنی گئیں۔ تاہم شہریوں کا کہنا تھا کہ سعودی اور امریکی ثالثی میں ایک ہفتے کی جنگ بندی کے معاہدے کے بعد پانچ ہفتوں سے جاری تنازعے میں توقف کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button