تازہ ترینخبریںپاکستان

فوجی عدالتوں کے قیام کا حتمی فیصلہ آج ہوگا

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں ملک میں فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوگا جس میں ملک میں فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ آرمی اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت مقدمات سے متعلق وزارت دفاع اور قانون اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت دفاع نے ابتدائی طور پر پانچ فوجی عدالتوں کے قیام کی تجویز دی ہے۔ ان میں سے تین فوجی عدالتیں راولپنڈی اور دو لاہور میں قائم کی جائیں گے۔ قانون کے مطابق آرمی ایکٹ کے دائرہ کار میں آنے والے کیسز کی حیثیت خصوصی ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آج کے اجلاس میں ملک میں مجموعی سیاسی صورتحال کا جائزہ بھی لیا جائے گا جب کہ وفاقی کابینہ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس نے اس پختہ عزم کا اظہار کیا تھا کہ فوجی تنصیبات  کے خلاف گھناؤنے جرائم میں ملوث افراد کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے متعلقہ قوانین کے تحت ٹرائل کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

فورم نے فیصلہ کیا تھا کہ کسی بھی حالت میں فوجی تنصیبات اور سیٹ اپ پر حملہ کرنے والے مجرموں، بگاڑنے والوں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مزید تحمل کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔

گزشتہ دنوں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ فوجی تنصیبات پر حملے کے منصوبہ سازوں کو کٹہرے میں لانا ہوگا جب کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے دو روز قبل جناح ہاؤس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے اس کا فیصلہ آرمی کورٹ ہی کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button