تازہ ترینخبریںسیاسیات

پی ڈی ایم کارکنان اسلام آباد کے ریڈ زون میں داخل

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم سے منسلک سیاسی جماعتوں کے کارکن اسلام آباد کے ہائی سکیورٹی ریڈ زون میں داخل ہو گئے تاہم تاحال صورتحال پُرامن ہے۔

یاد رہے کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں اور پاکستان پیپلز پارٹی نے آج (پیر) سپریم کورٹ کے سامنے پرُامن احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جس کے سلسلے میں سینکڑوں کارکن، جن میں بظاہر بڑی تعداد جمعیت علمائے اسلام ف کے کارکنوں کی ہے، اسلام آباد پہنچے ہیں۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق ریڈ زون میں پولیس اور رینجرز نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب پی ڈی ایم کی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کے قافلے مختلف شہروں سے اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہیں۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ نے گذشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’کل سپریم کورٹ کے سامنے پُرامن احتجاجی دھرنا ہوگا۔‘

پاکستان کی حکمران جماعتوں کے اتحاد کی جانب سے سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج کے پیش نظر سرینا چوک سے تھوڑا آگے واک تھرو گیٹ نصب کیے گئے تاکہ ریلی کی صورت میں آنے والے افراد کی گاڑیاں باہر روک کر انھیں پیدل جانے کے لیے ان واک تھرو گیٹس سے گزارا جائے۔

اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر آنے والے راستوں پر عدلیہ مخالف بینرز آویزاں کیے گئے ہیں جبکہ شاہراہ دستور پر فوج کے حق میں بینرز آویزاں ہیں۔

سپریم کے اندر اور باہر پولیس، ایف سی اور رینجرز کے دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ حکومتی وزرا کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کو احتجاج ریڈ زون سے باہر ڈی چوک پر منتقل کرنے کی درخواست کی گئی تاہم مولانا فضل الرحمان نے حکومتی درخواست مسترد کر دی ہے اور مظاہرین کی ریڈ زون میں داخل ہو گئے ہیں۔

پی ڈی ایم کے علاوہ پیپلز پارٹی اور اے این پی نے بھی حکمران اتحاد کے احتجاج میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہوا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button