تازہ ترینخبریںدنیا

عمران خان کی گرفتاری کیخلاف مختلف ممالک میں احتجاج

سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا، فرانس میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔

سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتاری کے خلاف ملک کے اندر تو احتجاج جاری ہے تاہم امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا، فرانس میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔

عمران خان کی گرفتاری کے خلاف امریکا میں بھی مظاہرے کیے گئے۔ نیویارک میں ٹائمز اسکوائر پر پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جب کہ ہیوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے پارٹی چیئرمین سے اظہار یکجہتی کے لیے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔

لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اس کے علاوہ پی ٹی آئی کارکنوں نے نواز شریف کی رہائشگاہ ایون فیلڈ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جو بارش کے باوجود کئی گھنٹے جاری رہا۔

مظاہرین نے پی ٹی آئی چیئرمین کی گرفتاری پر غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور نواز شریف کے خلاف نعرے بازی کی اور چور چور کے نعرے لگائے۔ اس مظاہرے میں عمران خان کے وکیل اظہر صدیق نے بھی شرکت کی۔

بریڈ فورڈ اور مانچسٹر میں پاکستان قونصلیٹ کے باہر مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی ہے جب تک انہیں رہا نہیں کیا جاتا تب تک برطانیہ بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری رہے گا اس کے علاوہ برمنگھم میں بھی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ عمران خان عوام کی جنگ لڑ رہا ہے اور ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں عمران خان کی گرفتاری کی خبر پہنچتے ہی پی ٹی آئی کارکن ان سے اظہار یکجہتی کے لیے سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کیا۔ مظاہرے میں بزرگ خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔

کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں نے بھی سابق وزیراعظم کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے عمران خان کی رہائی تک پر امن احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

فرانس میں بھی عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کارکن مشتعل ہوگئے ہیں اور انہوں نے گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ پیرس میں آج شام احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button