تازہ ترینخبریںسپورٹس

’ مضبوط رہیں کپتان’ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی عمران خان کی حمایت میں سامنے آگئے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے افسوس کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ عمران خان 9 مئی کو 7 مقدمات میں ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے تھے جہاں رینجرز نے انہیں حراست میں لیا تھا۔

بعد ازاں اسلام آباد پولیس نے عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کرنے کی تصدیق کی تھی۔

عمران خان کی گرفتاری کے فوری بعد اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج شروع ہوگئے جب کہ سوشل میڈیا پر بھی عام افراد نے بھی ان کی گرفتاری کی مذمت کی جب کہ شوبز شخصیات بھی انہیں گرفتار کرنے پر سیخ پا دکھائی دیں۔

اسی دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی عمران خان کی حمایت میں سامنے آئے۔

نامور سابق کرکٹر وسیم اکرم نے ٹوئٹ پر عمران خان کو مخاطب ہوکر کہا کہ ’آپ ایک انسان ہیں لیکن آپ کے پاس لاکھوں لوگوں کی طاقت ہیں، مضبوط رہیں کپتان۔‘

اس کے علاوہ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے بھی عمران خان کی گرفتاری کی ویڈیو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے پی ٹی آئی چیئرمین کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ بہت دردناک اور قابل مذمت ہے’۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ اور سابق کھلاڑی وقار یونس نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم آپ کے ساتھ ہیں، ناانصافی آخر میں آزادی کی راہ ہموار کرتی ہے،

وقار یونس نے عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ آئیے اپنے رہنما اور آزادی کی حفاظت کرتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان زندہ باد کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

سابق امریکی کک باکسر اینڈریو ٹیٹ کا ٹوئٹ

تاہم اگر عالمی سطح پر بات کی جائے تو متنازع برطانوی نژاد امریکی آن لائن انفلوئنسر اور سابق امریکی کک باکسر اینڈریو ٹیٹ بھی عمران خان کی حمایت میں سامنے آئے۔

اینڈریو ٹیٹ نے عمران خان کی گرفتاری کی ویڈیو پر کمنٹ سیکشن پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’تمام اچھے لوگ جیل جاتے ہیں۔‘

کئی ٹوئٹر صارفین نے اینڈریو ٹیٹ کی ٹوئٹ پر تبصرے کیے۔

ایک ٹوئٹر صارف نے فوٹو شاپ تصویر شئیر کرکے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ماشااللہ اینڈریو ٹیٹ پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے ہیں۔‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button