تازہ ترینخبریںپاکستان

دشمن عوام اور فوج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی سازشوں میں سرگرم ہے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن عوام اور مسلح فوج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی سازشوں میں سرگرم ہے ہمیں اپنے ظاہری اور چھپے دشمن کو پہچاننا ہوگا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان ملٹری اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی سازشوں میں مصروف ہے اور وہ ریاستی و سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرنا چاہتا ہے۔ ہمیں اپنے ظاہری اور چھپے ہوئے دشمن کو پہچاننا ہوگا اور اس ضمن میں حقیقت اور ابہام میں واضح فرق روا رکھنا ہوگا۔

آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی ملک میں کوئی جگہ نہیں۔ دہشت گردی کی جنگ میں عوام اور ریاست کا کلیدی کردار ہے۔ بیش بہا قربانیوں کے نتیجے میں قائم ہونے والے امن کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیں گے۔ عوام اور پاک فوج کے باہمی رشتے کو قائم و دائم رکھا جائے گا۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ریاست کا محور پاکستان کے عوام ہیں۔ اہم ذمے داری ریاست پاکستان سے وفاداری اور مسلح افواج کو تفویض کردہ آئینی کردار سے وابستگی ہے۔ ہمارے لیے عوام کی حفاظٹ اور سلامتی سے زیادہ مقدس کچھ نہیں اور کوئی فرض مادرِ وطن کی حفاظت سے زیادہ اہم نہیں۔ فوج ہمارے عظیم قائد کے نظریے پر عمل پیرا ہے جس میں ذات، رنگ، نسل، جنس یا علاقائی تفریق نہیں۔

آرمی چیف نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ امن کے لیے ہماری کوششوں کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاک فوج اپنے فرض کو نبھانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور ہم اپنے مادر وطن کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان کے غیور سپاہی دشمن کی تعداد یا وسائل سے مرعوب نہیں ہوتے۔ ہم اپنے مضبوط قوت ارادی، وعدہِ پروردگار اور اُسی کے تابعِ فرمان ہیں۔ اس موقع پر آرمی چیف نے سورۃ بقرہ کی ایک آیت تلاوت کی جس کا ترجمہ ہے کہ ’’کتنی ہی بار ایسا ہوا کہ اللہ کی مرضی سے چھوٹی قوت نے بڑی طاقت کو شکست دی۔‘‘

جنرل عاصم منیر نے یہ بھی کہا کہ افغانستان میں استحکام ہماری سلامتی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ عالمی برادری کو جان لینا چاہیے مسئلہ کشمیر کے پُر امن حل کے بغیر، علاقائی امن ہمیشہ مبہم رہے گا۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے اور پاکستان کشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کیلئے ان کی تاریخی جدوجہد کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button