تازہ ترینخبریںپاکستان

خضدار: قومی شاہراہ پر دھماکا، ایس ایچ او جاں بحق

بلوچستان کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ایس ایچ او شربت خان عمرانی خضدار قومی شاہراہ میڈیکل کالج کے نزدیک دھماکے میں جاں بحق ہوگئے۔

ایس ایس پی خضدار فہد کھوسہ نے بتایا کہ ایس ایچ او خضدار انسپکٹر شربت خان عمرانی گھر سے دفتر کی طرف جا رہے تھے کہ خضدار قومی شاہراہ کے قریب ان کی گاڑی میں دھماکا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایچ او خضدار شربت خان عمرانی دھماکے کے بعد موقع پر دم توڑ گئے تھے۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوع پر پہنچ گیا اور دھماکے کی نوعیت کا تعین کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے میں جاں بحق انسپکٹر کا جسد خاکی خضدار ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 10 اکتوبر کو کوئٹہ میں پولیس موبائل کے قریب دو دھماکے ہوئے تھے اور اس کے نتیجے میں 2 اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے تھے۔

سول ہسپتال کوئٹہ کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ نے جاں بحق اور زخمی شہریوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک کم سن بچی بھی شامل ہے۔

ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ ذوہیب محسن نے کہا تھا کہ شاہراہ اقبال پر کھڑی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

دوسری جانب کوئٹہ کے سریاب پھاٹک کے قریب منیر منیگل روڈ پر ایس ایچ او سریاب تھانہ احسان اللہ مروت کی گاڑی کو بھی دھماکا خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button