تازہ ترینتحریکخبریںسیاسیات

عدالت کا عید کی چھٹیوں میں عمران خان کو ہراساں نہ کرنے کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عیدالفطر کی چھٹیوں میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ہراساں نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست پر حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامرفاروق نے سابق وزیراعظم عمران خان کی عید کے دوران گرفتاری روکنے اور کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جانب سے ایڈووکیٹ فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔

عمران خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سراج الحق زمان پارک آئے مذاکرات کی اچھی کاوش ہوئی،اگلی صبح ہم نے دیکھا کہ سندھ کے ہمارے صدر کو اٹھا لیا گیا جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ اس واقعے سے ظاہر ہے ایک ”بیڈ ٹیسٹ“ پیدا ہوا۔

وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ ہمیں خدشہ ہے عید کی 5 چھٹیوں میں پھر یہ کوئی آپریشن کریں گے، چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ مقدمات کی تفصیلات تو طلب کر سکتا ہوں، میں اور کوئی خالی آرڈر کیسے کروں؟

بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عید کی چھٹیوں میں عمران خان کو ہراساں نہ کرنے کا حکم دے دیا اور سابق وزیراعظم کی درخواست پر حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست عید کے بعد تک زیر التوا ہی رکھنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے وفاق اور پولیس سے 27 اپریل تک عمران خان کے خلاف کیسز کی تفصیل طلب کرلی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button