تازہ ترینخبریںپاکستان

عمران خان کی گرفتاری کا خدشہ، اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست سماعت کیلیے مقرر

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔

عمران خان کو عید کی چھٹیوں کے دوران گرفتار کیے جانے کا خدشہ ہے جس کا ذکر وہ خود متعدد بار کر چکے ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جو سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق درخواست پر سماعت کریں گے۔ رجسٹرار آفس نے کاز لسٹ جاری کر دی۔

دو روز قبل عمران خان اپنے خلاف 121 مقدمات کے اخراج کے لیے درخواست کی سماعت پر لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے تھے۔ انہوں نے عدالت میں بیان دیا تھا کہ پولیس نے میرے گھر پر اس وقت آپریشن کیا جب میں اسلام آباد جا رہا تھا، عدالت نے واضح حکم دیا کہ کوئی آپریشن نہیں ہوگا لیکن میرے پاس اطلاعات ہیں کہ یہ عید کی چھٹیوں میں پھر زمان پارک پر آپریشن کریں گے جس کی وجہ سے خون خرابہ ہونے کا خدشہ ہے۔

’لوگوں کو پتا ہے کہ پہلے آپریشن کیسے ہوا تھا۔ یہاں تو جنگل کا قانون ہے۔ انہیں تو توہین عدالت کا خوف بھی نہیں رہا۔ یہ لوگ الیکشن سے ڈرے ہوئے ہیں کہ ہار جائیں گے۔ یہ مجھے گرفتار کرنے بلکہ قتل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ آپ کی عدالت سے حکم گیا اگلے دن انھوں نے حملہ کر دیا، یہ واضح طور پر توہین عدالت تھی۔ 6 دن گھر میں ہوں گا اور مجھے علم ہے کہ انہوں نے حملہ کرنا ہے، میں اس خون خرابے کو روکنا چاہتا ہوں اور ہمارے پاس کوئی اور راستہ موجود نہیں ہے اس لیے عدالت سے استدعا ہے کہ انہیں روکا جائے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button