
تین پاکستانی کوہ پیماؤں ساجد علی سدپارہ، نائلہ کیانی اور شہروز کاشف نے نیپال میں دنیا کی دسویں بلند ترین چوٹی ماؤنٹ اناپرنا سر کر کے تاریخ رقم کی ہے۔
نائلہ کیانی یہ پہاڑی سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں، شہروز کاشف یہ پہاڑی سر کرنے کے بعد 11 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما بن چکے ہیں جبکہ دو روز قبل ساجد علی سدپارہ نے ماؤنٹ اناپرنا بغیر آکسیجن اور پورٹر کے سر کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بنے تھے۔
کوہ پیمائی کی دنیا میں آٹھ ہزار میٹر سے بلند پہاڑوں کو کرنا ایک اعزاز سمجھا جاتا ہے جبکہ نائلہ کیانی آٹھ ہزار میٹر سے زیادہ بلند چار چوٹیوں کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بھی بن گئی ہیں۔
خیال رہے کہ ساجد علی سدپارہ دنیا کی تمام بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے کے اپنے والد علی سدپارہ کے خواب کی تکمیل میں مصروف ہیں، جو کے ٹو سر کرنے کی کوشش میں ہلاک ہوئے تھے۔
گذشتہ چند برسوں کے دوران پاکستان میں کوہ پیمائی کو بطور پیشہ اپنانے والے افراد میں اضافہ دیکھنے کو ملا اور اب پاکستان میں اس حوالے سے متعدد نجی کلب بھی موجود ہیں۔