تازہ ترینجرم کہانیخبریں

ڈیوٹی افسر نے کم عمر جیب کترے کو آفس میں زنجیر سے باندھ دیا

شہر قائد کے علاقے تھانہ سپر مارکیٹ میں ایک جیب کترے کو زنجیر سے باندھنے کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے ایک اور تھانے میں متنازع معاملہ سامنے آ گیا، تھانہ سپرمارکیٹ میں کم عمر جیب کترے کو زنجیر سے باندھنے کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے، جس میں غیر انسانی طریقے سے لڑکے کو زنجیر سے بندھا زمین پر پڑا دیکھا جا سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جیب کترے کو تاجروں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا، ڈیوٹی افسر نے ملزم کو لاک اپ کرنے کی بجائے آفس میں ہی باندھ دیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تھانے میں ملزم سے بدسلوکی کا علم ہوا ہے جس کی تحقیقات کی جا رہی ہے، غفلت برتنے والے پولیس افسر کو معطل کر دیا گیا ہے۔

بعد ازاں، پولیس حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے جیب کترے کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا، بچے کی عمر کم ہونے کی وجہ سے اسے لاک اپ میں بند نہیں کیا گیا، جب کہ تھانے کے لاک اپ میں جرائم پیشہ ملزمان پہلے ہی موجود تھے۔

پولیس حکام کے مطابق بچے کی عمر کم ہونے کی وجہ سے والدین کو تھانے میں طلب کیا گیا، اور بچے کے والدین کی معافی کے بعد بچے کو چھوڑ دیا گیا، مارکیٹ کے نمائندے بھی بچے پر مقدمہ درج کرانا نہیں چاہتے تھے، تاہم بچے کو زنجیر سے باندھنے پر متعلقہ افسران سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button