
حکمران جماعتوں کا سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ پرعدم اعتماد کا اظہار
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کے ہونے والے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوا جس میں
حکومت میں شامل جماعتوں نے اہم فیصلے کئے جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق اتحادی جماعتوں نے سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ پرعدم اعتماد کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ تین رکنی بینچ پراعتماد نہیں ہے،چیف جسٹس سمیت تین رکنی بینچ کے دیگر جج صاحبان مقدمے سے دستبردار ہو جائیں
اعلامیہ میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ لارجربینچ پہلے ہی انتخابی درخواستیں خارج کرچکا ہے،بینچ تین کے مقابلے چار ججوں کی اکثریت سےدرخواستیں خارج کرچکا مگرچیف جسٹس اکثریتی پراقلیتی فیصلہ مسلط کرناچاہتےہیں لہذا آرٹیکل 209کےتحت دائرریفرنسز پرکارروائی کی جائے۔
وزیراعظم کے زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ جسٹس فائزعیسیٰ بینچ کےفیصلےکااحترام کرنابھی سب پرلازم ہے،بینچ نے184(3)کےتحت مقدمات پرکارروائی سےروکنےکاکہاہے یہ عمل سپریم کورٹ طریقہ کار،نظائرکی بھی صریح خلا ف ورزی ہے سیاستدانوں سےکہاجارہاہے وہ بیٹھیں لیکن سپریم کورٹ خود تقسیم ہے۔
اتحادی جماعتوں نے پارلیمنٹ کی حالیہ قانون سازی کے بھرپور تائید اور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ نے آرٹیکل 184(3)سےمتعلق اپنی رائے واضح کردی پارلیمنٹ بالا دست ہے جس کی رائے کاسب کواحترام کرناچاہیے، قانون سازی سےعوام الناس کیساتھ یک طرفہ انصاف کی روش کا خاتمہ ہوگا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ امید ہے کہ صدرقانون سازی کی راہ میں جماعتی وابستگی کی بنیاد پر رکاوٹ نہیں بنیں گے، ساتھ ہی کہا گیا کہ چیف جسٹس پی ٹی آئی معاملے میں خصوصی امتیازی رویے کےتاثرکو ختم کریں۔