پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وکلا متحد ہوں عدلیہ کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ بار میں لائرز کنونشن ہے تمام وکلا بھرپور شرکت کریں، وکلا سے بھی درخواست ہے متحد ہوں کیونکہ عدلیہ کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرسٹر حسان کے ساتھ ایسا سلوک ہوسکتا ہے تو کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے سب سے کہتا ہوں کہ اب راستہ درست کرنے کی ضرورت ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ڈرانے دھمکانے کا جو راستہ اپنایا گیا ہے اس سے نفرتیں بڑھ رہی ہیں تمام مسائل کا ایک ہی حل شفاف انتخابات ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا سے لڑکوں کو اٹھا کر غائب کیا جارہا ہے، لڑکوں کو ان کے گھروں سے اغوا کرلیا جاتا ہے کس دنیا کی جمہوریت مییں اس قسم کے تشدد کا راستہ اپنایا جاتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ فرانس میں بھی احتجاج ہورہا ہے کسی ایک آدمی کو رات میں گھر سے اٹھایا گیا؟ پاکستان میں سیاسی ورکر نہیں ملتا تو اس کے رشتے داروں کو اٹھا لیا جاتا ہے، سوشل میڈیا کے لوگ آزاد ہوتے ہیں انہیں کوئی کنٹرول نہیں کرسکتا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ آئی ایم ایف کا سمجھوتہ نہیں ہونے لگا کیونکہ ان کی شرائط بہت سخت ہیں اور اگر معاہدہ ہوتا ہے تو آگے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔
عمران خان نے کہا کہ 10 کروڑ پاکستانی ایسے ہیں جن کی مشکلات مزید بڑھتی جارہی ہیں، قوم سے کہتا ہوں کہ ایسا وقت ہے سب نے اپنی آواز بلند کرنی ہے