تازہ ترینخبریںسیاسیات

جی ڈی اے کا عدالتی اصلاحات کے مجوزہ بل کی مخالفت کا اعلان

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت کی اتحادی جماعت گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے عدالتی اصلاحات کے نام پر مجوزہ بل کی مخالفت کرنے کا اعلان کر دیا۔

اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیرِ صدارت جاری قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے جی ڈی اے رکن سائرہ بانو نے کہا کہ حکومت معیشت تباہ کرنے کے بعد اداروں کے پیچھے پڑ گئی ہے، حکومت پر بات آئی تو اب اداروں کی خامیاں نظر آنا شروع ہوگئی ہیں۔

سائرہ بانو نے کہا کہ ون مین شو تو 75 سالوں سے ہے اس کا اطلاق تمام اداروں پر ہوگا یا صرف عدلیہ پر؟ یہ ایوان عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہے یا ذاتی مسائل کے حل کے لیے؟ عوام کی کوئی بات نہیں کر رہا جو مہنگائی سے مر رہے ہیں

انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کا تو ذکر ہوا مگر ہار کا ذکر کرنا بھول گئے، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف عدالت جانے والے نواز شریف ہی تھے، وزیر اعظم شہباز شریف تو معصوم دکھائی دیتے ہیں کوئی کہتا ہے کہ مجھے نہیں چھوڑیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کے بعد لگتا ہے کہ دوسرے ادارے کی باری ہے، قومی اسمبلی پوری نہیں ہے یہ تو کٹی پھٹی قانون سازی ہے، ایسا نہ کریں ورنہ چیزیں ہاتھ سے نکل جائیں گی اداروں سے لڑائی نہ لڑیں۔

سائرہ بانو نے بتایا کہ جی ڈی اے عدلیہ کے خلاف کسی بھی قسم کی قانون سازی کی مخالفت کرتی ہے، حالات وہاں لے جا رہے ہیں کہ اہم ادارے کا سربراہ بھی تنہا فیصلہ نہ کرے، یہ اداروں کو تباہ کرنے پر تل گئے، جب اپنے اوپر بات آئی تو اداروں کے پیچھے پڑ گئے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button